وزیراعظم شہباز شریف آج 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب سے بھائی چارے اور دوستی کا رشتہ مزید پختہ ہو گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ روانگی سے قبل انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں آج سعودی عرب کے دورے پر جا رہا ہوں۔ دورہ سعودی عرب سے بھائی چارے اور دوستی کا رشتہ مزید پختہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت سے وسیع پیمانے پر بات چیت کروں گا کیونکہ سعودی عرب ہمارے بڑے دوستوں میں سے ایک ہے۔

سعودی عرب 2 مقدس مقامات کے محافظ کے طور پر خاص مقام رکھتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج 3 روز ہ دورے پر سعودی عرب جائیں گے اور وزیر اعظم سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ کے ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جا رہی ہے۔ استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو۔ عمرہ اور روضہ رسول اللہﷺ پر حاضری کی برکتیں ہمارے ساتھ ہوں گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More