کورونا: سعودی عرب نے 7 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

ریاض: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے کئی ممالک کے لیے فضائی سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی مزید خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد بحرین، برطانیہ، اور جرمنی سمیت کئی مغربی ممالک نے پہلے افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔ کورونا کی نئی مزید خطرناک قسم کے متعلق اب تک ملنے والے شواہد کے مطابق یہ جنوبی افریقہ سے پھیلا ہے جس کی وجہ سے افریقی ممالک سے سفری پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

عرب ذرائع ابلاغ نے سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی افریقہ سمیت 7 ممالک سے پروازیں معطل کی گئی ہیں جس کے بعد ان ممالک کے لیے نہ تو کوئی پرواز اڑان بھرے گی اور نہ ہی وہاں سے سعودی عرب میں اترنے کی مجاز ہو گی۔ اعلان کردہ پابندیوں کی زد میں جو ممالک آئے ہیں ان میں جنوبی افریقہ، نمیبیا، زمبابوے، موزمیبق، بوتسوانا، اسواتنیا اور لیسوتو شامل ہیں۔

ان ممالک سے صرف سعودی عرب کے شہریوں کو ملک میں آنے کی اجازت دی جائے گی لیکن ان پر بھی صحت کے حوالے سے مقرر کردہ ایس او پیز کا اطلاق ہو گا۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے پہلے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی نئی قسم زیادہ خطرناک ہے اور ماضی نسبت بہت زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More