پی ایس ایل لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز آج سے، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے آمنے سامنے ہونگے

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مختصر افتتاحی تقریب کے بعد ہو گا، دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

کراچی میں آج کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے جس کے لئے کرکٹ کے دیوانے شدت سے منتظر ہیں۔ گراونڈ کا انتظام پاک فوج نے سنبھال لیا۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ بھی پرفارم کرینگے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے ون ڈے اور ٹی 20 کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آنے والے بابر اعظم کراچی کنگز کی قیادت کریں گے جبکہ ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان ملتان سلطانز کو لیڈ کریں گے۔ کرکٹ میلے کا دوسرا میچ کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔

زلمی کے کپتان وہاب ریاض ہیں جبکہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کے ذمے ہے۔ این سی او سی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق کورونا ایس او پیز کے تحت کراچی نیشنل سٹیڈیم میں 25 ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی گئی ہے، لاہور میں اگلے مرحلے کے لئے تماشائیوں تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

نیشنل سٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہوگا، آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس ممنوع ہو گا، بینر،پوسٹر پر مذہبی یا فحش جملوں کی بھی ممانعت ہوگی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More