کراچی: نسلہ ٹاور کے بجلی، گیس اور پانی کے کنکشن منقطع

کراچی: نسلہ ٹاور گرانے سےمتعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے یوٹیلٹی کنکشن کاٹ دیے۔

ایس ایس جی سی ٹیم نے نسلہ ٹاور کی گیس لائن منقطع کردی۔ واٹر بورڈ کی ٹیم کی جانب سے عمارت کی پانی کی لائن بھی بند کردی گئی۔ کے الیکٹرک نے بجلی کے کنکشنز بھی کاٹ دیے۔ کنکشنز کاٹنے والی ٹیموں کو رہائشیوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ نسلہ ٹاورمیں مقیم شہریوں نے کنکشنز کاٹنے پر خوب احتجاج کیا۔

نسلہ ٹاور کے متاثرین نے چیف جسٹس اور کمشنر کراچی سے بلڈرز سے فلیٹ کی رقم واپس دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جب تک ہمیں فلیٹ کی مکمل رقم ادا نہیں کی جاتی ہم اپنی جگہ خالی نہیں کریں گے۔ ہمارے پاس رہنے کے لئے کوئی اور ٹھکانہ نہیں ہے۔ رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ رقم واپس نہیں دی گئی تو عمارت کے ساتھ ہم بھی زمین بوس ہوجائیں گے۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات ہیں کمشنر کراچی عمارت گرانے سے قبل بلڈرز سے ہمیں ہماری مکمل رقم واپس کروائیں کسی کی خالی یقین دہانی پر جگہ خالی نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ کراچی میں شارع فیصل پر قائم غیر قانونی 11 منزلہ رہائشی عمارت نسلہ ٹاور میں 44 فلیٹ ہیں، 44 فلیٹ میں سے 14 کرائے پر ہیں۔

سپریم کورٹ نے عمارت گرانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا حکم دیا ہے۔عمارت کی بجلی اور پانی کے کنکشنز 27 اکتوبر تک منقطع کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More