امید ہے سندھ کا پسا ہوا طبقہ کرپشن اور ناقص حکمرانی کے خلاف سراٹھائے گا

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امید ہے سندھ کا پسا ہوا طبقہ کرپشن اور ناقص حکمرانی کے خلاف سراٹھائے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی عوامی رابطہ مہم کے لیے گھوٹکی روانہ ہو رہا ہوں اور سندھ کے عوام سے درخواست ہے کہ سوچنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام 15 سال سے ایک حکومت اور کرپشن تلے دبے ہوئے ہیں اور اب سندھ کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔ امید ہے سندھ کا پسا ہوا طبقہ کرپشن اور ناقص حکمرانی کے خلاف سراٹھائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امید ہے سندھ کے عوام خودداری کا مظاہرہ کریں گے اور باہر نکلیں گے کیونکہ وقت آگیا ہے غلامی کی زنجیریں توڑو اور اپنے مستقبل کے لیے آ گے بڑھو۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو پنجاب آنے کا حق پہنچتا ہے اور وہ آئیں اپنی عوامی رابطہ مہم چلائیں اور ہمیں امید ہے سندھ حکومت ہمارے قافلے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی لیکن اگر رکاوٹ ڈالی گئی تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے کارکن نوٹ کر رہے ہوں گے۔

وزیر خارجہ نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری روایات کو سامنے رکھتے ہوئے آپ اپنا مؤقف پیش کریں اور ہمیں بھی اپنا مؤقف پیش کرنے دیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More