لانگ مارچ: اسلام آباد کنٹینرز کے حصار میں، موٹر وے اور ہائی ویز مختلف مقامات سے بند

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کو روکنے کے لیے حکومت نے پنجاب کے مختلف شہروں میں راستے بند کردیے۔ اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے گئے۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے اسلام آباد کو کنٹینرز کے حصار میں لے لیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں جی 13 میں سرینگرہائی وے رکاوٹیں لگاکربندکردی گئی۔ زیروپوائنٹ پر بھی سرینگرہائی وے کو دونوں اطراف سےکنٹینرلگاکربند کردیا گیا۔فیض آباد انٹر چینج پر بھی کنٹینز کھڑے کردیئےگئے۔ اسلام آباد ہائی وے کو گلبرگ پل کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ روات سے اسلام آباد آنے والی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے۔

ٹیکسلا اور واہ کنیٹ سے راولپنڈی اسلام آباد آنے والے تمام راستے بھی بند ہیں۔ راولپنڈی اٹک، جہلم اور چکوال کا دیگر تمام اضلاع سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ۔ راولپنڈی ریجن کی اہم شاہراہوں کو تئیس سے زائد مقامات سے سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے اور جی ٹی روڈ مکمل سیل ہو چکے ہیں ۔ راولپنڈی کے چاروں اضلاع سے دیگر شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے، گڈ ٹرانسپورٹ مکمل بند ہونے سے سامان آج منڈیوں تک نہیں پہنچ سکے گا۔ تمام رکاوٹوں کے قریب پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کوبند کر دیا گیا۔ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی بند کردی گئی۔لاہور کے علاقے سگیاں پل ، بابو صابو انٹرچینج ، ٹھوکر نیاز بیگ، ایسٹرن بائی پاس سیالکوٹ موٹروے اور کاہنہ کو بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹر وے ایم تھری کو رجانہ اور پیرمحل ٹول پلازہ کے مقام پر بند کر دیا گیا ہے جب کہ تمام انٹرچینج پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے راستے بند ہونے پر گاڑیاں اڈوں پر کھڑی کر دیں ہیں۔ مختلف شہروں سےآنے والے موٹروے اور ہائی ویز کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا۔گجرات میں چناب پل پر کنٹینرز لگا کر جی ٹی روڈ بند کردیا گیا۔لاہور میں بابو صابو انٹر چینج اور بتی چوک بھی بند کردیئے گئے۔ جی ٹی روڈ پر دریائے چناب اور جہلم پر کنٹینر رکھ دیئے گئے ۔سوات موٹر وے کو کرنل شیر خان انٹر چینج کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

سندھ پنجاب کے بارڈر دیرہ موڑ کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختون خوا کے سنگم اٹک پل کو بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ۔صوابی میں اسلام آباد پشاور موٹروے کو دریائے سندھ کے پل کے قریب بند کردیا گیا ۔پنجاب کو خیبر پختونخوا سے ملانے والی داجل چیک پوسٹ بھکر کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More