آرمی چیف کی زیر صدارت 247 ویں کور کمانڈر کانفرنس

اسلام آباد:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے۔ امن بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو ثبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔ہم دہشتگردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کر دیں گے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 247 ویں کور کمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں ملکی سیکیورٹی صورتحال اور بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس کے شرکا نے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے پسپا کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور انہیں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ مسلح افواج نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے ۔ امن بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو ثبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More