جن صحافیوں کو فلیٹ اور پیسے دیئے گئے ان کی تحقیقات ہوں گی، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سیل کی سربراہی کا اعتراف کرلیا۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز مسلم لیگ(ن)کا میڈیا سیل چلارہی تھیں، وزیراعظم ہاؤس میں مریم نوازکا اسپیشل میڈیا سیل بنایا گیاتھا، آج مریم نواز نے اپنے میڈیا سیل کا اعتراف کیا، منظم طریقے سے صحافیوں کو خریدا گیا، مخالف صحافیوں کے گروپ کو سزائیں دی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی نائب صدر نے جن چینلز کو سزا دی ان کےنام لیے، مریم نے جن کو سزا نہیں دی ان کے نام نہیں لیے، مریم نے میڈیا سیل کی سربراہی کا اعتراف کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ لیگی نائب صدر نے 10ارب روپے من پسند چینلز کو دیے جن صحافیوں کو فلیٹ اور پیسے دیئے گئے ان کی تحقیقات ہوں گی۔ سارا کام مریم نوازخود کر رہی تھیں، پرویزرشیدکٹھ پتلی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کو فلیٹس کے بارے میں بتانا ہوگا کیسےخریدے گئے، مسلم لیگ (ن) کے پاس جوشواہد ہیں عدالت کے سامنے رکھے، عام آدمی چاہتا ہے چوروں سے پیسے لیے جائیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More