صوبائی حکومت نے سندھ  فلڈ ریلیف فنڈ قائم کردیا

کراچی: حکومت سندھ نے سیلاب و بارش متاثرین کی امداد کے لیے ’سندھ  فلڈ ریلیف فنڈ‘ قائم کر دیا ہے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ قائم کردہ سندھ فلڈ ریلیف فنڈ میں صوبائی وزرا ایک ماہ کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی، مشیران اور معاون خصوصی بھی ایک ایک ماہ کی تنخواہیں سندھ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کرائیں گے۔

شرجیل میمن نے اسی حوالے سے کہا ہے کہ گریڈ 17 سے اوپر کے تمام سرکاری ملازمین پانچ دن کی تنخواہیں فنڈ میں دیں گے جب کہ گریڈ 16 اوراس سے نچلے گریڈ کے تمام ملازمین دو دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کروائیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے انٹرنیشنل ڈونرز اور مخیر حضرات سے بھی سندھ فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیات دینے اور حکومت سندھ کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

پی پی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ بارشیں تاریخی سانحہ ہے، لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں، مشکل کی گھڑی میں قوم ایک ہو کر فلڈ ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More