سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے یوم پاکستان پر خصوصی پیغامات

لاہور: ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر مخلتف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے پیغام بھی سامنے آرہے ہیں۔

:چوہدری شجاعت حسین

یوم پاکستان پر پیغام میں سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ذاتی، سیاسی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، انسانیت کو لاحق انتہا پسندی اور غربت کے خطرات پر قابوپانا ہو گا۔ آج کے دن ایک بار پھر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

:چوہدری پرویزی الہیٰ

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور دفاعی اداروں کی ملکی بقا کی خاطر قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کا بچہ بچہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یوم پاکستان قوم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اور ملکی دفاعی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں جا سکتا۔

:مونس الہیٰ

وفاقی وزیر مونس الہی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہندو اکثریت کے ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کا دن ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کشمیری بھائی عرصہ دراز سے غیر انسانی لاک ڈاؤن میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

:چوہدری فواد حسین

چوہدری فواد حسین نے یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر پیغام میں کہاکہ 23 مارچ کا دن ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قرارداد لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کو عظیم مقصد کے لئے متحد کیا، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے قائدین کی قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہے جب کہ ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم بزرگوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کوعظیم ترملک بنائیں گے، رواں برس 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کا انعقاد مسلم دنیا میں پاکستان کے کلیدی کردار کا واضح مظہر ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرے۔

:شہباز شریف

قائد حذب اختلاف شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن تحریک پاکستان کے شہدا اور غازیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان نے تعمیر وترقی کا شاندار سفر طے کیا، بحیثیت قوم بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے فرمان پرعمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان برصغیر کے خوابوں کی تعبیر کے لئے پاکستان کو معاشی قوت بنانا بنیادی تقاضا ہے۔

:شیری رحمان

شیری رحمان نے تیئس مارچ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو 23 مارچ یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کرتی ہوں، 23 مارچ 1940 کے دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، قرارداد میں مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی، فلاحی اور جمہوری ریاست ہو گی، قائد نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں عوام کو بنیادی حقوق، شخصی آزادی اور جان و مال کا تحفظ حاصل ہو، ہمیں پاکستان کو ترقی پسند اور خوشحال ملک بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں۔

شیری رحمان نے کہا کہ ہمیں اقلیتوں کے حقوق اور اظہار کی آزادی کو یقینی بنانا ہے، پیپلز پارٹی قرارداد پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے، پیپلز پارٹی نے پاکستان، جمہوریت اور وفاق کو مضبوط کرنے کے لئے آئین دیا، ہمیں قائد اعظم کی سوچ کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم تر ملک بنانا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More