گھی اور آئل کی قیمتوں میں اضافہ ، سپریم کورٹ کا انکوائری کرنے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے گھی اورآئل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس میں لاہورہائیکورٹ کے انکوائری روکنے کے حکم کومعطل کردیا۔عدالت نے قرار دیا کہ مسابقتی کمیشن اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ملوں کے خلاف انکوائری کرے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے گھی اورآئل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت مسابقتی کمیشن کے وکیل نے دلائل دیئے کہ وزیر اعظم پورٹل پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی شکایت آئی۔مسابقتی کمیشن نے شکایت پر 117 ملوں کے خلاف انکوائری شروع کی۔

وکیل نے کہا کہ مسابقتی کمیشن نے شکایت پر انکوائری سے قبل 117 گھی ملوں کو معلومات کیلئے خط لکھے۔گھی ملوں کے جوابی خطوط پر گھی کی قیمتوں میں اضافہ کی تحقیقات شروع کی۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ گھی ملوں کو معلوماتی خطوط لکھنے سے پہلے اتھارٹی نے حکم پاس کیا۔جوائنٹ ڈائریکٹر کو تحقیقات کا آغاز کرنے کا اختیار کس نے دیا؟۔مسابقتی کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد گھی ملوں کیخلاف انکوائریاں رک گئی ہیں۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ آپ نے نوٹس بھیجا اور اس میں بتایا نہیں کہ ملوں کو کیوں طلب کر رہے ہیں۔جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر رہے ہیں کمیشن انکوائری کرے۔عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More