این اے 245 میں ضمنی انتخاب،پی ٹی آئی امیدوار محمود مولوی نے میدان مار لیا

کراچی: شہر قائد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے – 245 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے ابھی تک کے موصول شدہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمود مولوی نے میدان مار لیا ہے۔

این اے 245 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے تحت پی ٹی آئی کے امیدوارمحمود مولوی 29 ہزار475 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ ایم کیو ایم کے معید انور 13 ہزار 193 ووٹ لے کردوسرے نمبرپر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے طے شدہ شیڈول کے تحت پولنگ شام پانچ بجے ختم ہو گئی تھی لیکن اس دوران جو ووٹرز پولنگ اسٹیشنز کے احاطے میں موجود تھے انہیں حق رائے دہی استعمال کرنے دیا گیا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے – 245 کی نشست پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کر جانے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

این اے – 245 کی نشست پر ایم کیو ایم کے معید انور، پی ٹی آئی کے محمود مولوی ، ایم کیو ایم بحالی تحریک کے ڈاکٹر فاروق ستار اور تحریک لبیک کے محمد احمد رضا، پاک سرزمین پارٹی کے حفیظ الدین اور مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد مد مقابل تھے۔

حکومتی سیاسی اتحاد میں شریک پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدواران ایم کیو ایم کے امیدوار کے حق میں دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں۔

ضمنی انتخاب کے لئے 17 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے جن میں سے اب صرف 15 امیدواران کے درمیان مقابلہ تھا۔

این اے دوسو پینتالیس کا حلقہ پرانی حلقہ بندی کے مطابق این اے 251 اور 252 کے علاقوں پر مشتمل ہے، ماضی میں یہ حلقہ ایم کیوایم کا گڑھ رہا ہے اور اس کے امیدوار یہاں جیتتے آئے ہیں  لیکن 2018 میں اسے یہاں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More