وزیراعلیٰ پنجاب سے ن لیگ کے تین ارکان پنجاب اسمبلی کی ملاقات

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ارکان پنجاب اسمبلی انکے ساتھی ہیں، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں، منتخب نمائندوں کے احترام پر حرف نہیں آنے دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مسلم لیگ ن کے تین ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، محمد غیاث الدین اور چوہدری اشرف علی انصاری شامل تھے۔

ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ خلوص نیت سے پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، آپ منتخب نمائندو ں کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہیں، پنجاب میں حقیقی معنوں میں وہ کام کیے جو ماضی میں کوئی نہ کر سکا۔

اراکین سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ارکان پنجاب اسمبلی کی عزت میری عزت ہے، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کا ایجنڈا ترقی کے سفر کو روکنا ہے، ان کا یہ ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے، مخالفین کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More