کراچی: عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا

کراچی : جشن عید میلاد النبیؐ آج ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔

صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا، نماز فجر کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی و استحکام ، امت مسلمہ کی سربلندی اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

شہر کی مساجد، عمارتوں، شاہراہوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے،اخبارات و رسائل میں عید میلاد النبی کے حوالے سے خصوصی مضامین شائع ہیں جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز خصوصی پروگرام پیش کیے جارہےہیں۔

شہر بھر میں عید میلاد النبیؐ کی ریلیاں، جلوس اور جلسے منعقد ہوں گے، جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہر علامہ سید شاہ تراب الحق قادری،حاجی محمد حنیف طیب،علامہ کوکب نورانی اوکا ڑوی ،مولانا ابرار احمد رحمانی ،صوفی محمد حسین لاکھانی، مولانا خلیل الر حمن چشتی، ڈاکٹر عبدالرحیم ،مولانا محمد اکرم سعیدی ودیگر قائدین ،علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا۔

عید میلاد النبیؐ کا جلوس براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔ جلوس کی سیکیورٹی پر 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکارتعینا ت ہوں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More