محکمہ موسمیات کی آج پھر بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد: ملک کے بیشترعلاقوں میں بادل کھل کر برس پڑے۔ بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیش گوئی کردی۔

بلوچستان کے علاقے کوہلو میں گزشتہ شام سے رات گئے تک مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ تحصیل ماوند اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ سوناری کے مقام پر سیلابی ریلے میں پل بہہ جانے سے کوہلو کا سبی کوئٹہ اور اندرون بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ لیویز حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں سڑک کی بحالی کے لئے مصروف عمل ہیں۔ کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے ۔ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ آئی آئی چندریگر روڈ ، صدر ، گارڈن اور صدر اولڈ سٹی ایریا میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں مزید بارش کا امکان ہے۔ لاہور اور اسلام آباد میں برسات سے پہلے ہی بادل کھل کر برسنے لگے۔ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں پورے ملک میں سب سے زیادہ 107ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں گولڑہ کے مقام پر چوالیس ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بھی بارش ہوگی۔ اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔لاہور میں بھی دن بھر بادلوں اور سورج کی آنکھ مچولی جاری رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج بھی بارش کے امکانات ہیں۔ بارش برسانے والا سلسلہ جنوبی پنجاب بھی پہنچ گیا۔ ملتان اور بہاولپور میں بھی بادل برس پڑے۔لیاقت پور، صادق آباد، فورٹ عباس اور منچن آباد میں بھی بادل برس پڑے ۔رینالہ خورد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، پیر محل، چیچہ وطنی، کبیر والا، ساہیوال اور چنیوٹ میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بھکر، کوٹ ادو، تحصیل پہاڑپور، لیہ ، فتح جنگ، منڈی شاہ جیونہ اور چونیاں میں بھی بادل کھل کر برسے، کوہلو، سمندری، جوہی، دادو، لوئردیر، چلاس، شانگلہ میں بھی بارش نے گرمی کی چھٹی کرا دی۔

وادی نیلم میں گرج چمک کے ساتھ موسلادار بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ ملک بھر کی طرح صحرائے چولستان میں بھی بادل برسے۔ چولستان میں خشک سالی کے بعد پہلی بارش ہوئی ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے چولستانی باشندوں کے جانور مر رہے تھے،۔ چولستانی باشندے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے تھے۔ صحرائے چولستان میں بارش کے بعد چولستانیوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ ممکنہ بارشوں اور موسمی حالات کے باعث گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان میں متعلقہ محکموں کواحتیاطی تدایبر اختیار کر نے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ این ڈی ایم اے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ حساس مقامات پر ہنگامی مشینری اور عملہ کی تعیناتی یقینی بنائی جائے ۔ متعلقہ محکمے مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو چوکس رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کے لیے مسلسل آگاہ رکھیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More