پیپلزپارٹی آج 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کراچی میں جلسہ کرے گی

کراچی: سانحہ 18 اکتوبر کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کراچی میں آج جلسہ کرے گی جس سے چیئرمین پی پی سمیت مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

سال 2007 جب سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹوطویل جلا وطنی کے بعد وطن پہنچیں تو شاہراہ فیصل پر کارساز کے مقام پر یکے بعد دیگرے دو ہولناک دھماکوں نے تمام خوشیاں اور جشن کو چیخ و پکار ، آنسوئوں اور ایمبولینسوں کے سائرن میں تبدیل کردیا تھا۔ افسوسناک واقعے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے، ہر سال کی طرح اس سال سال بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں سانحہ کارساز کے شہداء کی یاد میں جلسے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

مزار قائدؒ سے متصل باغ جناح گراونڈ میں جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں، 120فٹ لمبائی، 50 فٹ اونچا اسٹیج تیار کرلیا گیا جہاں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ہمراہ مرکزی قیادت بھی موجود ہو گی۔ پی پی رہنمائوں کے مطابق 12 ربیع الاول کے باعث اس مرتبہ جلسے کا انعقاد 17 اکتوبرکو کیا جا رہا ہے، بڑی تعداد میں جیالے جلسے میں شریک ہونگے۔

پی پی رہنماوں کا مزید کہنا ہے کے مشکل ترین حالات کے باوجود پیپلز پارٹی کے ووٹ بنک میں اضافہ ہوا ہے، جلسے کے شرکاء کے لئے پارکنگ کے انتظامات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے بھی مربوط انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ میں خواتین کے لئے مخصوص جگہ بھی مختص کی گئی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More