مہنگائی کے سونامی نے عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا، حمزہ شہباز

لاہور: مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا،ترقی کرتی معیشت بدانتظامی نااہلی اور کرپشن کے قبرستان میں دفن کر دی گئی ہے،کہاں ہیں وہ لوگ جو دو فیصد مہنگائی اور چھ فیصد کے قریب ترقی کرتی معیشت میں کرپشن اور چور چور کے نعرے لگاتے تھے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور بے قابو مہنگائی پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف بھی پھٹ پڑے۔کہتے ہیں کہ ملک پر اسوقت ایک آسیب مسلط ہے جبکہ بھوک مہنگائی بےروزگاری اور غربت کا جن ناچ رہا ہے،وزیراعظم کے دستخط سے عوام پر دس روپے سے زائد کا پیٹرول بم گرا دیا گیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی بارہ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان نے چار ماہ میں آٹھ بار پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کیں،جون سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات تیس روپے سے زائد مہنگی ہو چکی ہیں، کھانے پینے کی اشیاء پہلے ہی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں ،مہنگائی ساڑھے بارہ فیصد سے تجاوز کر چکی ہے ،تبدیلی کے بھوت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بھی نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی توجہ اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے پر ہے ،اس جنون کا رتی برابر رخ بھی عوامی فلاح کی طرف ہوتا تو آج ملک کا یہ حال نہیں ہوتا،چور اور لٹیرے وہ ہیں جنہوں نے عوام کے منہ سے نوالے چھینے نوزائدہ بچوں کا دودھ تک مہنگا کر دیا،صاف شفاف الیکشن ہی اس تباہی کے سونامی کو غرق کر سکتے ہیں عوام کا جو حال ہے ان کی ضمانتیں ضبط ہو جائیں گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More