موجودہ حکومت عوام سے انتقام لے رہی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت تین سال میں ملک کو مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے سمندر میں ڈبو چکی ہے، موجودہ حکومت عوام سے انتقام لے رہی ہے۔

شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنہیں امنگیں تھیں، وہ ناقص کاکردگی پر مایوس ہوچکے ہیں، تین سال میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں لائی جاسکی، سوئی سدرن گیس سے نجی صنعت اور مقامی پیداواری یونٹس کو آج سے گیس بند کردی گئی ہے، گیس کی اس بندشن کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوجائیں گے، دوسری جانب سوئی ناردرن گیس سے خیبرپختونخوا کے ایکسپورٹرز کو نو ڈالر ایم ایم بی ٹی یو گیس ملے، کیا یہ تبدیلی لانی تھی؟۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں گھی ساڑھے 400 روپے کلو مل رہا ہے، مہنگائی کا طوفان ہے اور غریب عوام ہیں، کیا اسے تبدیلی کہتے ہیں، اسٹیٹ بنک ایک مرتبہ پھر شرح سود بڑھا نے جارہا ہے، دانستہ 10.2 فیصد سود پر ملنے والے قرض کو ساڑھے11 فیصد میں لیا جائے اور قومی خزانے کو 70 کروڑکا نقصان پہنچایا جائے، کیا یہ تبدیلی ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیمنٹ کے لائیسنس کھلے عام بیچے جارہے ہیں، پاکستان دنیا میں تیسرا سب سے مہنگا ترین ملک بن گیا، بھارت سے دوگنا مہنگائی ہے، جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ مہنگائی یہاں ہے، کیا اسے تبدیلی کہیں گے، پاکستان سے مچھلی کی برآمد کم ہوگئی، گوادر کے عوام حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ان کے حقوق چھیننے جار ہے ہوں، کیا یہ تبدیلی ہے؟۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کا اسٹیٹ بنک حکومت پاکستان کو قرض نہ دے، بینک دولت پاکستان آئی ایم ایف کے قابو میں آجائے، اسے تبدیلی کہتے ہیں، تین سال میں 20 ہزار ارب روپے کا قرض ملک پر چڑھادیاگیا، 71 سال میں جو مجموعی قرض لیاگیا، پی ٹی آئی نے 49 مہینوں میں اس کا 69 فیصد لے لیا، یہ ہے تبدیلی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More