جیل ملازمین کی چھٹیوں کے نام پر رشوت ستانی ناقابلِ برداشت ہے

لاہور: وزیرِ جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جیل ملازمین کی چھٹیوں کے نام پر رشوت ستانی ناقابلِ برداشت ہے، قوائد و ضوابط کے مطابق چھٹیوں میں رکاوٹ پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

وزیرِ جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جیل ملازمین کی چھٹیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں پرزنز فاؤنڈیشن کے حوالے سے اہم اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ فیاض الحسن چوہان نے آئی جی پرزنز کو جیل ملازمین کی چھٹیوں کے حوالے سے فوری نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوٹیفیکیشن جیل خانہ جات کے ہر ملازم تک پہنچایا جائے۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ تمام جیلوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سہولیاتی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جیلوں میں پی سی او کا ٹائم فی ہفتہ بیس منٹ سے بڑھا کر آدھا گھنٹہ کر دیا گیا ہے، کینٹینوں پر اشیاء کی مہنگے داموں فروخت کی روک تھام کے لیے تمام جیلوں میں خصوصی مہم شروع کی گئی ہے،اس ضمن میں تمام جیلوں کی بیرکس میں فلیکسز اور ریٹ لسٹیں آویزاں کی گئی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار محکمہ جیل خانہ جات میں بہترین اقدامات کے بانی ہیں، پنجاب کی جیلوں کی سولرائزیشن حکومت کی کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے پرزنز ڈیپارٹمنٹ کے لیے انقلابی اقدامات تاقیامت یاد رکھے جائیں گے،گزشتہ حکومتوں نے ستر سال سے جیل خانہ جات سے لاوارثوں جیسا سلوک کیا،جیل ملازمین اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کا سفر جاری رکھیں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More