رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا حکم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران سستے بازاروں میں معیاری اور سستی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم کرتے ہوئے کہا عوام کو سستی اشیا کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے وزیراعظم کا آفس سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کے اعلانات پر عملدرآمد کا آغاز کردیا اور گزشتہ روز اسمبلی میں کئے گئے اعلانات پرعملدرآمد کے احکامات دیئے۔ شہباز شریف نے رمضان کے دوران سستے بازاروں میں معیاری اور کم دام پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے رمضان بازاروں کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اشیا کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ شہباز شریف نے پنشنرز کی پنشن میں اضافے اور کم از اکم اجرت 25 ہزار کرنے کے اعلانات پر بھی فوری عمل کا حکم دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آفس کے افسران اور عملے سے ملاقات کی ، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کمر کس لیں، عوامی خدمت کیلئےآئے ہیں، ایک لمحہ ضائع نہیں کرنا، ایمانداری،شفافیت، انتھک محنت رہنما اصول ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف پارلیمنٹ لاجز پہنچ گئے جہاں انہوں نے معاشی ماہرین کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں ملک کو درپیش موجودہ سنگین معاشی صورتحال پر غور ہوگا۔

معاشی ماہرین کے اجلاس میں ماہرین کی روشنی میں معاشی ، مالیاتی اقدامات سے متعلق فیصلے لئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے متحدہ رہنما خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ ، اختر مینگل اور اسلم بھوتانی سے ملاقاتیں کیں، شہباز شریف نے ووٹ دینے پر اتحادیوں کا شکریہ ادا کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More