سینیٹر حلف اٹھانے کیلئے تیار ہوں، اسحق ڈار کا چیئرمین سینیٹ کو خط

اسلام آباد: سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈاربطور سینیٹر حلف اٹھانے کےلیے تیار، اسحاق ڈار نے سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کے لیے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ کرآگاہ کر دیا۔

خط کی ایک کاپی الیکشن کمیشن کو بھی بھجوائی گئی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں زیرعلاج ہوں، حلف ویڈیو لنک کے ذریعے لیا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 3 مارچ 2018 کو سینیٹ کی نشست پر میرے انتخاب کو چیلنج کرنے سے پیدا ہونے والا قانونی تنازعہ حل ہو چکا ہے۔ 21 دسمبر 2021 کو سپریم کورٹ نے سول اپیل مسترد کر دی۔ جس کے بعد عدالت عظمیٰ کا 8 مئی 2018 کا ممبر شپ کی معطلی کا حکم نامہ ختم ہوگیا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے 10 جنوری 2022 کا میری سینٹ نشست پر کامیابی کو معطل کرنے کا اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں۔

اگر ورچوئل طریقہ اختیار کرنا ممکن نہ ہو تو چیئرمین سینیٹ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص کے ذریعے حلف لینے کا انتظام کریں۔ اسحاق ڈار نے خط کے ہمراہ لندن میں اپنے معالج کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ارسال کی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More