شہباز گل کو باقاعدہ مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا، رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شہباز گل کے اغوا کا الزام جھوٹا ہے،انہیں باقاعدہ مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز گل کیخلاف ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، بغاوت کی دفعات سمیت سات دفعات مقدمے میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بڑا حساس معاملہ ہے ادارے کے رینکس اینڈ فائلز میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جھوٹے مقدمات میں گرفتار کر کے چھ چھ ماہ جیل نہیں رکھیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یکم سے 9 ویں محرم کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش رہے، سکیورٹی اداروں نے امن وامان یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا، محرم کے دوران کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ سانحہ لسبیلا پر سوشل میڈیا پر بکواس کی گئی، فوجیوں کے خاص رینکس کو پکارا اور کہا گیا وہ پی ٹی آئی سے محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے رینکس اینڈ فائل میں بغاوت پراکسانے کی حرکت کی گئی، ان کرداروں کی حقیقت مزید تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی، سازشی کردارانکوائری میں سامنے آئیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز گل کیخلاف ریاست کی مدعیت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ تھانہ کوہساراسلام آباد میں درج ہوا ہے، مقدمے میں دفعات 505، 120بی، 153اے، 124اے، 131 شامل ہیں۔

مزید بتایا کہ شہبازگل کے خلاف قانون کے مطابق شکایت درج ہوئی اور پھر باضابطہ قانون کے مطابق گرفتار کیا گیا۔ہم صبح عدالت میں پیش کرینگے فیصلہ عدالت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں شرمناک حرکتیں ہوئیں، عمران خان، فواد چودھری کو یقین دلاتا ہوں قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا شہباز گل کے ساتھ کوئی غیر قانونی حرکت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے کہا پولیس ان کے گھرکی طرف آگئی، اس میٹنگ میں وہ موجود نہیں تھے، سابق وزیر داخلہ چلا ہوا کارتوس ہے، انہیں بلاوجہ گرفتارکرنے کی ضرورت نہیں۔ سازش میں ملوث کرداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More