تازہ ترین
بارش کے ساتھ ہی کراچی والوں کیلئے مشکلات بڑھ گئیں، کئی سڑکوں پر پانی جمع

بارش کے ساتھ ہی کراچی والوں کیلئے مشکلات بڑھ گئیں، کئی سڑکوں پر پانی جمع

کراچی: (08 اگست 2020) بارش کے ساتھ ہی کراچی والوں کیلئے مشکلات بڑھ گئیں۔ وقفے وقفے سے بادل برسنے سے سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔ سیوریج نالے اوور فلو ہونے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، شہری پریشان ہیں۔

کراچی میں بارش کے بعد مختلف مقامات پر پانی جمع ہے۔ قیوم آباد چورنگی پر بھی تاحال بارش کا پانی موجود ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اب تک نکاسی نہ کی جاسکی جس سے کورنگی روڈ سے گزرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کورنگی کاز وے پر ملیر ندی کا پانی بھی سڑک پر آگیا، موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

گزشتہ 3 روز سے جاری مون سون بارشوں کے دوران شہر میں پیش آنے والے مختلف حادثات اور واقعات میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے 7 افراد کرنٹ لگنے، ایک بچی ڈوبنے سے جب کہ دو افراد مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہوئے۔دوسری جانب پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کو پہنچ گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی نے کراچی میں ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا، پاک فوج کی ریسکیو ٹیمز متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں، ڈی واٹرنگ پمپس اور ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی بھی کی جا رہی ہے، پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، سیلاب اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید ریسکیو ٹیمز الرٹ کر دی گئی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم کی شدت تاحال برقرار ہے اور بارش برسانے والے سسٹم کا پھیلاؤ بلوچستان تک ہے۔

بارش کا سلسلہ آج شب تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی توقع ہے، کراچی میں مزید 30 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے، مون سون سسٹم آج برسنے کے بعد کمزور پڑنا شروع ہو جائے گا لیکن کراچی میں کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

Comments are closed.

Scroll To Top