مری میں شدید برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اس موقع پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے مری میں جاں بحق افراد کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
:شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مری اور گلیات میں پھنسی گاڑیوں میں اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا دردناک واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی صلاحیت کا یہ عالم ہے کہ ٹریفک انتظامات کرنے کے بھی قابل نہیں، قیامت خیز سردی میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہیں کی گئی؟۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ایک ہزار گاڑیوں کے انتظام کی صلاحیت نہیں رکھتی تو اس کے اقتدار میں رہنے کا کیا جواز ہے؟ جو حکومت رش میں پھنسے شہریوں کو نہیں بچاسکتی وہ مہنگائی سے عوام کو کیسے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی میں مجرمانہ غفلت کے ذمہ داروں کو برخاست کرنے کی جرات نہیں ہے۔ اس خون ناحق پر کس کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے؟ عوام کے خون پر حکومتی مجرمانہ خاموشی بدتر ازگناہ کے مترادف ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ وفات نہیں شہریوں کے قتل عمد کے مترادف ہے اور سیاحت میں اضافے کا حکومتی پراپیگنڈا سفاکی اور سنگ دلی کی انتہا ہے۔ مغرب کی مثالیں دینے والوں نے تو مشرقی روایات کی بھی لاج نہیں رکھی۔ انہوں نے کہا کہ میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتا ہوں۔
:مریم نواز
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مری میں پھنسے افراد کی موت کے دردناک واقعہ نے دل ہلاکر رکھ دیا ہے۔حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں۔یہ مردہ ضمیر حکومت بہت پہلے مر چکی ہے۔اللہ تعالیٰ مرحومین،ان کے لواحقین اور پاکستان پر رحم فرمائے۔
مری میں بے یارو مددگار برف میں دھنسے رہنے والے پورے کے پورے خاندانوں کی موت کے دردناک واقعہ نے دل ہلا کے رکھ دیا ہے۔حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ مردہ ضمیر حکومت بہت پہلے مر چکی ہے۔ اللّہ تعالی مرحومین اور انکے لواحقین اور پاکستان پر اپناخصوصی رحم فرمائے۔ آمین 🤲🏼😢
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 8, 2022
ان کا کہنا ہے کہ یہ اموات برفباری سے نہیں، حکومتی غفلت سے ہوئیں۔ حکومتوں کا کام سیاح گننا نہیں ان کیلئے پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ شہبازشریف کی خدمت کا مذاق اڑانےوالے گرتی حکومت بچانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
حکومتوں کا کام صرف سیاح گننا نہیں بلکہ ان کے لیے پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ شہباز شریف کے بوٹوں اور خدمت کا مذاق اُڑانے والا اپنے محل میں بیٹھا اپنی گرتی ہوئی حکومت بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ یہ اموات برفباری سے نہیں، حکومتی غفلت سے ہوئی ہیں۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 8, 2022
:بلاول بھٹو
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ بہتر ہوتا مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا تاکہ ایسا سانحہ رونما نہ ہوتا، انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔
:مولانا فضل الرحمان
جےیو آئی (ف) سربراہ مولانافضل الرحمان نے سانحہ مری پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا خاندانوں کے ساتھ پیش آنےوالا واقعہ افسوس ناک ہے، متاثرہ خاندانوں کےدکھ دردمیں برابرکےشریک ہیں اور لواحقین کےلئےصبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔
:مرتضیٰ وہاب
سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے بھی مری میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا سیاح ایسی صورتحال میں مری کارخ کرنےسےگریزکریں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ خراب موسم پرحکومت کو پیشگی اقدامات اُٹھانےچاہییں تھے،متعلقہ محکموں کوپہلے وارننگ جاری کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کےباعث انسانی جانوں کانقصان ہوا، افسوسناک سانحہ کی مکمل تحقیقات اورذمہ دارں کوسزاملنی چاہیے۔