تازہ ترین
مغربی ممالک میں کرونا وائرس سے پورا نظام زندگی مفلوج ہوگیا، شبلی فراز

مغربی ممالک میں کرونا وائرس سے پورا نظام زندگی مفلوج ہوگیا، شبلی فراز

اسلام آباد: (06 جون 2020)وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ موثر منصوبہ بندی کی وجہ سے نقصان اتنا نہیں ہوا جتنا تخمینہ لگایا تھا لیکن مغربی ممالک میں کرونا وائرس سے پورا نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف شبلی فراز نے کرونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کرونا کے سبب مشکلات کا شکار ہے اور مغربی ممالک میں نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ موثر پلان کی وجہ سے نقصان اتنا نہیں ہوا جتنا تخمینہ لگایا گیا تھا کیونکہ این سی او سی کے فیصلوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتوں نے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اتفاق کرتے ہیں اور کراچی جاکر مختلف بات کرتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت مہلک ترین کرونا وائرس سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بلاول بھٹو کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں راشن گھر نہ پہنچنے پر لوگ سڑکوں پر آئے جس سے وبا کا خطرہ بڑھا، سندھ حکومت بتائے راشن کا پیسہ کہاں چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 8 سالوں میں سندھ حکومت کو ساڑھے 5 کھرب روپے صحت کے لیے ملے، اب تک ایسا اسپتال نہیں بنا جس میں آصف زرداری کا علاج ہوسکے۔

مراد سعید نے کہا کہ لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے کی ویکسین دستیاب نہیں ہوتی، کیا کراچی میں ڈاکٹر فرقان کو دینے کے لیے ایک وینٹی لیٹر تک نہیں تھا، سندھ میں اسپتالوں کی انچارج خاتون خود اپنے علاج کے لیے نجی اسپتال گئیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی وبا میں بھی آپ کو کرپشن کی پڑی ہے، ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے اسپتالوں کو ایڈوانس رقم دی جارہی ہیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ آصف علی زرداری کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔

جعلی اکاؤنٹس پر گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹس پڑھیں، سارا پیسہ زرداری کے اکاؤنٹ میں گیا، جعلی اکاؤنٹس میں پیسہ آرہا ہے، فرزند زرداری کے خرچے چل رہے ہیں، جعلی اکاؤنٹس میں مزید پیسہ ڈالنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ بیٹھے ہیں۔مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم کا پہلے دن سے موقف ہے کرونا کے ساتھ لوگوں کو بھوک سے بھی بچانا ہے، جن کی نوکریاں گئیں وفاقی حکومت نے ان کو 12 ہزار فی خاندان دیا، وفاقی حکومت صوبوں کو 250 وینٹی لیٹرز دے چکی ہے، حکومتی اقدامات کی وجہ سے یومیہ ٹیسٹنگ استعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی۔

Comments are closed.

Scroll To Top