پی ٹی آئی کا حکومت کو ایک ماہ میں الیکشن کی تاریخ دینے کا الٹی میٹم

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو ایک ماہ میں الیکشن کی تاریخ دینے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑے جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم  الیکشن کمیشن کے کسی فیصلے اور اس کے تحت ہونے والے انتخابی عمل پر بھروسہ نہیں کرتے ہیں، عدالتی نوٹس کے بعد الیکشن کمیشن کو عدالت کا احترام کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ہم اسلام آباد میں بڑے اجتماع کی تاریخ دیں گے، اس جلسے میں ہم انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا الٹی میٹم دیں گے، ہم ایک ماہ سے زیادہ اس حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع میں حکومت کو اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دے دیں گے، حکومت انتخابات کا اعلان نہیں کرتی تو ہمارے اگلے اقدام کیلئے تیار ہوجائے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے چیف اورممبران مستعفی ہوں ان پرکسی قسم کا بھروسہ نہیں ہے، ضمنی انتخاب کے شیڈول پر الیکشن کمیشن کو 16 اگست تک انتظار کرنا چاہیے تھا، یہ جس طرح الیکشن کروانا چاہ رہے ہیں اس طرح ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی پارٹی بنا ہوا ہے، الیکشن کمشنر کی تبدیلی ناگزیر ہے، ممکن نہیں کہ موجودہ الیکشن کمشنر عام انتخابات کرائیں۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل نہیں ہے، شہباز شریف انتخابات کا اعلان کر کے تاریخ دیں سب جماعتیں بات چیت کیلئے اکٹھی ہو جائیں گی، الیکشن کمیشن اوپر سے نیچے تک فراڈ ہے، ہماری جدوجہد کا اگلا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More