وزیر اعظم کا بحالی کے کاموں میں مصروف مزدوروں کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان

کوئٹہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف مزدوروں کیلئے 50 لاکھ روپے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے کوئٹہ پہنچے۔ وزیر اعظم کو ضلع کچھی میں سیلاب متاثرہ روڈ اور ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ سروے کے لیے باہر کے کنسلٹنٹ لا رہے ہیں اور انفراسٹرکچر کی بحالی میں بہتر کام کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انجینئرز اور حکام نے جو کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ سیلاب سے پورے ملک میں تباہی پھیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں گھر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ اور اس کے بعد بلوچستان متاثر ہوئے۔ لوگوں کے مال مویشی بہہ گئے اور فصلیں تباہ ہو گئیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بحالی کے کام میں مصروف مزدوروں کے لیے 50 لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگوں نے محنت کی انہیں شاباش دیتا ہوں اور متاثرہ سڑکوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں بعد میں ایک بار پھر فضائی جائزہ لوں گا اور امید ہے تمام امور احسن انداز سے مکمل ہوں گے۔ محکمے کے لوگوں نے بتایا بڑی محنت سے کام کیا اور جلد گیس پائپ لائن بھی بحال ہو جائے گی۔ گیس کی جو مرمت کر رہے ہیں انہیں 10 لاکھ روپے دیں گے اور جو کمیٹی بنائی ہے وہ امانت اور دیانت سے سب کچھ ان کے حوالے کرے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب کی تباہی سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہو رہے ہیں اور بدقسمتی سے 400 بچے جاں بحق ہوئے جو مجموعی ہلاکتوں کی ایک تہائی تعداد بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسیف اور دیگر عالمی اداروں سے بچوں کی جان بچانے کے لیے امداد کی اپیل کرتا ہوں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More