عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ثابت ہو گئے

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ثابت ہو گئے،غیرملکیوں سے فنڈز لے کر غیرملکی سازش کا نعرہ لگانا بڑی منافقت ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و زیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے چور ثابت ہوچکے ہیں، جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے والا صادق اور امین نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کا بیانیہ جھوٹا نکلا، پی ٹی آئی کی بنیاد ہی کرپشن پر رکھی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کو تحقیقات سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرنے والے عمران خان آج قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، پی ٹٰی آئی کا بھی پردہ اب چاک ہوچکاہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جو شخص جھوٹا حلف نامہ الیکشن کمیشن کو دے، وہ صادق اور امین نہیں ہوسکتا۔ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم اسی لیے چلائی کہ اپنی کرپشن کو چھپا سکیں، غیرملکیوں سے پیسے لے کر ملکی سیاست کو آلودہ کرنے والے عمران خان عوام کے مجرم ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More