تازہ ترین
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

لاہور: (02 اگست 2020) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں کالی گھٹائیں امڈ پڑیں جس کے بعد موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہو گیا۔

عید قرباں کے دوسرے دن ٹھنڈا ٹھار ہو گیا، گھنگھور گھٹائیں جم کر برسیں جس سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ ٹھنڈی ہواؤں اور سرمئی بادلوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ سڑکوں پر لگے دو رویہ درختوں پر جھولتے پات دلکش منظر پیش کرنے لگے۔ ٹہنیوں پر گنگناتے رنگ برنگ پھول، باغوں میں بچھے سبز قالین اور ہر منظر نکھرا نکھرا، آسمان سے گرتی پانی کی بوندوں سے گرمی اڑن چھو ہو گئی۔ لاہور کے علاقوں شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو، کینال روڈ، تاج پورہ، فتح گڑھ، ہربنس پورہ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آبادا ور جھنگ میں بھی تیز بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔

دوسری جانب بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا ۔ 130 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، عید کے موقع پر بجلی جانے سے شہریوں کو پریشانی اٹھانا پڑی۔ لیسکو کے دعووں کی بارش نے قلعی کھول دی، فنی خرابی کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ واپڈا ٹاؤن، نشیمن اقبال، حمزہ ٹاون، جوہر ٹاون، کوٹ لکھپت میں بجلی بند ہو گئی۔

چونگی امرسدھو،نشتر کالونی، ایگریک ٹاون، علی پارک، بیگم کوٹ کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہو گئے۔ کوٹ محمدی، بلال گنج، آر اے بازار، نشاط کالونی، گلشن راوی میں بھی بارش ہوتے ہی بجلی غائب ہو گئی۔ نواں کوٹ، بند روڈ کے متعدد علاقے بھی بجلی سے محروم نظر آئے۔ عید کے موقع پر بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

Comments are closed.

Scroll To Top