مہنگائی میں کوئی شک نہیں، اس کا حل تلاش کرنا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اب اپوزیشن کی مرضی ہے وہ عدالت جانا چاہتی ہے یا کہیں اور، اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں نالائق اپوزیشن ملی۔

ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر الیکشن کے بعد دھاندلی کا رونا شروع ہو جاتا تھا، اب بھی دھاندلی کا رونا ہوگا، یہ انتخابات سے پہلے بھی ہوسکتا ہے، عمران خان نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا۔

شیخ رشید کے مطابق پنجاب کے 40 حلقوں سمیت ملک بھر میں تقریباً اسی ایسے حلقے ہیں جہاں اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ انتخابی نتائج بدل کر رکھ دے گا اور جب لوگ پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینگے تو یہ پھر کہیں گے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی بنا کسی شرط کے آئی ایم ایف سے زیادہ پیسے ملک میں بھجواتے ہیں انہیں ووٹ کا حق حاصل ہونا چاہیئے اور یہ حق انہیں عمران خان نے دیا ہے، تبلیغی جماعت کے آن لائن ویزوں میں توسیع کردی گئی ہے، راولپنڈی کے تمام تعلیمی اداروں میں جلد ایوننگ شفٹ بھی شروع کریں گے۔

شیخ رشید نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کوئی شک نہیں اس کا حل تلاش کرنا ہے، تنخواہ دار طبقے کیلئے زیادہ مشکلات ہیں، سعودی قرض سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی، چھ مہینے بعد بلدیاتی الیکشن ہونگے پھر عام انتخابات کا ڈھول بجے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More