گلگت بلتستان، بلوچستان اور اندرون سندھ ترقی میں پیچھے رہ گئے

اسکردو: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، بلوچستان اور اندرون سندھ ترقی میں پیچھے رہ گئے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسکردو کے ایک روزہ دورے کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں غربت تیزی سے کم ہوئی ہے اور ملک میں امیر امیر سے امیر تر اور غریب مزید غریب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی غربت زیادہ ہے لیکن گلگت بلتستان کے پہاڑی سلسلے دنیا کے خوبصورت ترین ہیں اس لیے سیاحت گلگت بلتستان کا اثاثہ بن سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک غریب کو اوپر لے کر نہیں آتا ملک ترقی نہیں کر سکتا اور میری کوشش ہے پسماندہ علاقوں میں کام کریں۔ اسکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزر لینڈ 70 ارب ڈالر کما سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں۔ سوئٹزرلینڈ گلگت بلتستان سے آدھا ہے اور گلگت بلتستان کے ٹورازم سے 30 سے 40 ارب ڈالر کمائے جا سکتے ہیں۔ اللہ نے اس ملک کو بے پناہ نعمتیں بخشی ہیں لیکن ہم نے اللہ کی دی ہوئی کسی نعمت کا فائدہ نہیں اٹھایا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ این ایچ اے اور ایف ڈبلیو او کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہم گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر سے منسلک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی گلگت بلتستان آئیں گے۔ دنیا کے امیر ترین ملکوں میں بھی یونیورسل ہیلتھ انشورنس نہیں ہوتی لیکن ہم پورے گلگت بلتستان میں ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ تباہی خیبر پختونخوا میں ہوئی اور یو این ڈی پی کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں زیادہ تیزی سے غربت کم ہوئی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More