پاکستان کی سیاست میں کل کا دن اہم ہوگا، شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمد کا کہنا ہے کہ نہیں پتہ پرسوں سیاست میں ہونا ہے یا نہیں۔ چور عمران خان کے خلاف اکھٹے ہوئے ہیں۔مہنگائی کے باوجود عوام عمران خان کو پسند کرتی ہے۔

وقار النساء کالج کو یونیورسٹی بنانے کی دستاویزات کالج انتظامیہ کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی شہر غداروں اور بکنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔پیر کو میں سیاست سے ریٹائرڈ ہونا چاہتا تھا، ریٹائرڈ اس لیے نہیں ہو رہا لوگ کہیں گے عمران خان کو اکیلا چھوڑ دیا ہے۔عمران خان کے ساتھ ڈٹ کرکھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں کل کا دن اہم ہوگا، مہنگائی ہوئی لیکن لوگ عمران خان کو پسند کرتے ہیں ،عمران خان کو عدم اعتماد میں شکست بھی ہوجائے تو وہ انکا مقابلہ کریں گے۔زندگی کا سب سے مشکل کام وقار النسا کالج کو یونیورسٹی بنانا ہے، نظام کی خرا بی کی وجہ سے 14بار لاہور جانا پڑا، ایکنک میں نالہ لئی کا منصوبہ رکھا تھا، لوگ نہیں چاہتے غریبوں کی بستیاں ترقی کریں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے ایسے لوگوں کے نخرے اٹھائے ہیں جن سے وہ سلام بھی نہیں لینا چاہتا، نئے انتخابات کی اس لئے ضرورت ہے تاکہ لوگ دیانت داروں کو منتخب کریں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More