وزیراعلٰی سندھ کا مٹیاری، نوشہروہ فیروز اور نواب شاہ کا دورہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مٹیاری، نوشہروفیروز اور نواب شاہ کا دورہ کیا، جہاں امدادی کیمپس میں متاثرین سے مسائل معلوم کئے اور ان کے حل کے لیے احکامات دیئے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے دورے کا آغاز مٹیاری سے کیا، مسجد میں بچوں کے ساتھ ملاقات کی۔ کیمپوں میں متاثرین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین سے فون نمبر بھی لیے اور کہا شام کو فون کرکے معلوم کروں گا کہ آپ کو راشن ملا یا نہیں۔

مٹیاری سے وزیراعلیٰ سندھ سیدھا نوشہروفیروز پہنچے، جہاں بنیادی مرکز صحت پھل کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بنیادی مرکز صحت میں مریضوں کی شکایات سنیں، اور انہیں فوری حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ بارش اور سیلاب متاثرین کے مسائل خود جگہ جگہ جاکر معلوم کررہا ہوں۔

سید مراد علی شاہ نوشہروفیروز میں اتل بوہیو اسٹاپ پر قائم ٹینٹ کیمپ بھی گئے، جہاں کھانے کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین سے راشن کی تقسیم کے حوالے سے معلومات لیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا آپ لوگوں کو ٹینٹس میں دیکھ کر مجھے خود تکلیف ہورہی ہے، انشااللہ آپ بہت جلداپنےگھروں میں ہوں گے۔

نواب شاہ میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلزپارٹی ایم این اے سید غلام مصطفیٰ شاہ کی والدہ کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More