برطانیہ:خیرات کی رقم تحریکِ انصاف کو منتقل کیے جانے کا انکشاف

برطانیہ میں خیرات کے لیے جمع کی جانے والی رقم پاکستان تحریکِ انصاف کو منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی اخبار نے ابراج گروپ کے عارف نقوی کی طرف سے پی ٹی آئی کے لیے خیرات کے نام پر فنڈز اکٹھے کرنے کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی طرف سے چندہ ملنے کی تصدیق کی گئی ہے لیکن کہا گیا ہے کہ انہیں رقم کے ذرائع کا علم نہیں۔

فنانشل ٹائمز کی طرف سے ابراج گروپ کی ای میلز اور اندرونی دستاویزات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد تحریکِ انصاف کی پارٹی فنڈنگ کے حوالے سے برطانوی اخبار نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے کرکٹ ایونٹس کرائے، ایک کرکٹ میچ آکسفورڈ شائر میں عارف نقوی کی محل نما رہائش گاہ پر کھیلا گیا۔

عارف نقوی نے ویک اینڈ پر کھیلوں اور شراب نوشی کے لیے دعوت دی، عمران خان سمیت سینکڑوں بینکرز، وکلاء اور سرمایہ کاروں نے اس تقریب میں شرکت کی۔

عارف نقوی 2012ء سے 2014ء تک ووٹن ٹی 20 کے صدر رہے، ووٹن پیلس پر کھیلا جانے والا میچ اس ٹورنامنٹ کا اہم حصہ تھا، اس ایونٹ میں مہمانوں کو 2 سے ڈھائی ہزار پاؤنڈز کے درمیان ادائیگی کا کہا گیا۔

بتایا گیا کہ یہ رقم فلاحی مقاصد کے لیے طلب کی گئی ہے، اس قسم کی چیریٹی فنڈ ریزنگ برطانیہ میں ہر سال موسمِ گرما میں دہرائی گئی۔ اس فنڈ ریزنگ کا فائدہ پاکستان میں سیاسی جماعت اٹھا رہی تھی، یہ غیر معمولی بات تھی، اس کی فیس ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو دی گئی جو دراصل کیمن آئی لینڈز میں رجسٹرڈ کمپنی تھی۔

کیمن آئی لینڈ میں رجسٹرڈ کمپنی عارف نقوی کی ملکیت تھی، یہ رقم عمران خان کی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کو فنڈ دینے کے لیے استعمال کی گئی۔

ووٹن کرکٹ کو کئی کمپنیوں اور افراد نے لاکھوں ڈالرز کے فنڈز دیے، ابوظبی کے شاہی خاندان کے ایک وزیر نے بھی 20 لاکھ پاؤنڈز دیے، یہ رقم پاکستان میں موجود اکاؤنٹ سے پی ٹی آئی کو منتقل کی گئی۔ ووٹن کرکٹ کو 14 مارچ 2013ء کو ابراج انویسٹمنٹ سے 13 لاکھ ڈالرز موصول ہوئے، یہ 13 لاکھ ڈالرز براہِ راست پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں ڈالے گئے۔

بینک اسٹیٹمنٹ اور سوئفٹ کی تفصیلات کی کاپی موجود ہے، اپریل 2013ء میں ابوظبی کے شاہی خاندان کے رکن، وزیر اور بینک الفلاح کے چیئرمین شیخ نہیان مبارک نے ووٹن کرکٹ کے اکاؤنٹ میں 20 لاکھ ڈالرز منتقل کیے، یہ 20 لاکھ ڈالرز آنے کے 6 دن بعد 12 لاکھ ڈالرز 2 قسطوں میں پاکستان منتقل کر دیے گئے۔

کیش فلو کے ذمے دار ابراج کے ایگزیکٹو نے عارف نقوی کو ای میل میں بتایا کہ شیخ کے پیسے آ گئے، رقم ووٹن کرکٹ کے اکاؤنٹ میں آنے کے بعد عارف نقوی نے رفیق لاکھانی کو ای میل کی، لاکھانی نے رقم 2 قسطوں میں پاکستان منتقل کرنے کی تجویز دی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More