مشکل حالات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ پیش کیا، حمزہ شہباز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود ٹیکس فری بجٹ پیش کیا۔ یکم جولائی سے پنجاب کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور مراکز صحت پر مفت ادویات دی جائیں گی،تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ اور مزدور کی کم از کم اجرت 25ہزار کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز پنجاب بجٹ کو ٹیکس فری اور عوام دوست قراردے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا گیا ہے۔200ارب روپے کے تاریخی امدادی پیکج کے تحت 10کلو آٹے کا تھیلا اب 490روپے میں دستیاب ہے۔اس امدادی پیکج کے ساتھ غریب عوام کی سہولت کے لیے 134ارب روپے کا رعایتی پیکج بھی دیا گیا ہےجس سے عوام کو اشیاء خورونوش کی رعایتی قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ جنوبی پنجاب،تعلیم،صحت اور سماجی شعبوں کی پائیدارترقی کے لئے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہےجبکہ تنخواہوں میں 15 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے سے سرکاری ملازمین کو ریلیف ملے گا۔گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک ملازمین جو دیگر الاونس نہیں لے رہے،انہیں 15فیصد خصوصی الاؤنس بھی ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں اور مراکز صحت پر کینسر سمیت تمام ادویات مفت دی جائیں گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More