تازہ ترین
اقوام متحدہ کا کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے30ملین ڈالرز دینے کا اعلان

اقوام متحدہ کا کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے30ملین ڈالرز دینے کا اعلان

اسلام آباد:(20 فروری 2019) اقوام متحدہ نے پاکستان کے کامیاب نوجوان پروگرام کیلئے تیس ملین ڈالرز فنڈ فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کو پروگرام کا شریک چئیرمین مقرر کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار اور اقوام متحدہ کے حکام کی ملاقات ہوئی،جہاں عثمان ڈار نے اقوام متحدہ کے حکام کو کو کامیاب نوجوان پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اقوام متحدہ نے پاکستانی نوجوانوں کے لئے شروع کیے گئے کامیاب نوجوان پروگرام کے لئے 30 ملین ڈالرز مختص کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ عثمان ڈار کو پروگرام کا شریک چئیرمین بھی مقرر کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یو این حکام نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لئے کام کریں گے اور منصوبے کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کامیاب نوجوان پروگرام کے لیئے فنڈز فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے،چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دیں۔

اس موقع پر گفتگو میں عثمان ڈار نے کہا کہ متعدد منصوبوں کا فریم ورک مکمل ہے اور جلد لانچنگ ہوگی،نوجوانوں کو تعلیم، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے،نوجوانوں کو کامیاب بنانا اصل ہدف ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ نوجوانوں کے مسائل جاننے کے لیے حکومت نے نیشنل یوتھ ڈیولپمنٹ انڈیکس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا نام ’’کامیاب نوجوان‘‘ رکھا گیاتھا۔

Comments are closed.

Scroll To Top