تازہ ترین
شاہ محمود کے ساتھ ملاقات مثبت رہی،جان بولٹن

شاہ محمود کے ساتھ ملاقات مثبت رہی،جان بولٹن

واشنگٹن: (06 اکتوبر،2018) امریکا کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات پروان چڑھانے کے حوالے سے پیغام دیا ہے کہ امید ہے نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ ہم ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھ سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان بولٹن نے حال ہی میں امریکا کا دورہ کرنے والے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ گفتگو کے دوران پاکستان کی امداد کے معاملے پر بھی بات ہوئی جبکہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا کردار بھی زیرِ غور آیا،امریکی مشیر قومی سلامتی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کوشش کی جائے گی کہ ماضی کو چھوڑ کر ہم آگے بڑھ سکیں۔

جان بولٹن کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں پاکستانی قید میں موجود ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات رواں برس جنوری سے تناؤ کا شکار ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برس میں احمقوں کی طرح پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیئے اور انہوں نے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔

گذشتہ برس دسمبر میں افغانستان کے دورے کے موقع پر امریکا کے نائب صدر مائیک پینس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینےکے دن ختم ہوگئے، پاکستان کو امریکا کی شراکت داری سے بہت کچھ حاصل ہوگا، لیکن دہشت گردوں اور مجرموں کو پناہ دینے سے بہت کچھ کھونا پڑے گا۔اُسی ماہ نئی نیشنل سیکیورٹی حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف پاکستان سے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کیا، بلکہ مالی امداد کا طعنہ بھی دیا تھا۔

اس سے قبل گذشتہ برس اگست میں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان، پاکستان اور جنوبی ایشیاء کے حوالے سے نئی امریکی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان میں مزید ہزاروں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کا عندیہ دیا تھا اور اسلام آباد پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کا الزام دہراتے ہوئے ڈو مور کا مطالبہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکا کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

دورہ امریکا:پاکستان کا موقف بہتر انداز میں پیش کیا، شاہ محمود قریشی

 

Comments are closed.

Scroll To Top