تازہ ترین
بلاول کا2018 میں کراچی میں بسنت منانے کا اعلان

بلاول کا2018 میں کراچی میں بسنت منانے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پورے کراچی میں تیر چلے گا، صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا، شیر کے شکار کا ٹھیکا ایک کھلاڑی کو دیا گیا، جبکہ اپوزیشن کے بچکانہ فیصلوں سے وزیراعظم نواز شریف اور مضبوط ہوں گے۔ بی بی کو شہید کر کے وقت کے یزید سمجھتے تھے کہ اب ان کو للکارنے والا نہیں رہا، لیکن بی بی کا بیٹا آج تک زندہ ہے۔

کراچی میں سانحہ 18 اکتوبر 2007 کے شہدا کی یاد میں پاکستان پیلپزپارٹی کی جانب سے سلام شہدا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز بلاول بھٹو کی سربراہی میں بلاول ہاؤس کلفٹن سے کیا گیا۔ جس میں خورشید شاہ، قمرزمان کائرہ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، پرویز رشید، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے دوران لی مارکیٹ پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فون سے اڑنے والی پتنگ کٹ چکی ہے، جبکہ سندھ کی تقسیم باتیں کرنے والے خود تقسیم ہوچکے ہیں، 2018 میں کراچی میں بسنت منائیں گے۔ ادھر سلام شہدا ریلی کے لیاری پہنچنے پر جیلوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ جہاں خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ زرداری نے اہل لیاری کا ہمیشہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا ہے، جبکہ ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی کا بھی لیاری سے درینہ تعلق رہا ہے۔ جس کو میں ہر صورت میں برقرار رکھوں گا۔ پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ لیاری سمیت کراچی اور صوبہ سندھ کے لئے بہت کچھ کرنا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ صوبے میں موجود تعلیم، صحت سمیت دیگر مسائل کو ترجحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

دوسری جانب مزار قائد پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے امن اور ترقی کا خواب دیکھا تھا۔ ملک کے پہلے وزیراعظم کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ وہ کراچی کےبیٹےہیں، وعدہ کرتےہیں عوام نےساتھ دیا تو دہشتگردوں سمیت غربت اور بے روزگاری سے عوام کو آزادی دلائیں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے پاک ایران گیس پائپ لائن جیسے منصوبوں سے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال اور سوات میں پاکستان کا پرچم لہرایا، اب ہم کشمیر کی آزادی کے ساتھ ساتھ غربت، جہالت، مذہب کے ٹھیکیداروں اور تخت رائیونڈ سے آزادی کی جدوجہد کریں گے۔

Comments are closed.

Scroll To Top