تازہ ترین
نیب کسی کی عزت مجروح نہ کریں، سندھ ہائی کورٹ

نیب کسی کی عزت مجروح نہ کریں، سندھ ہائی کورٹ

کراچی:(11 جنوری 2019) سندھ ہائی کورٹ نے نیب کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ نیب تحقیقات کریں ، مگر کسی کی عزت مجروح نہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جہاں جام خان شورو عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر سابق صوبائی وزیر نے عدالت کو بتایا کہ میری جانب سے نیب حکام کے ساتھ تعاون کیا جارہا ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ نیب ملزم کو آٹھ آٹھ گھنٹے کیوں بٹھاتا ہے۔تحقیقات کریں مگر کسی کی عزت مجروح نہ کریں۔

اس موقع پر نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر بلدیات کے خلاف تین مختلف انکوائریز چل رہی ہیں،جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر کو تیاری کیساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ 2017 میں نیب نے سابق صوبائی وزیر کے خلاف سرکاری زمینوں پر قبضے کی بھی تحقیقات شروع کی تھیں۔

یاد رہے کہ تیرہ جولائی کو وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کی کرپشن سے پردہ بے نقاب ہوا تھا، جس کے مطابق وہ فشریز کے وزیر بننے کے بعد نثار مورائی کے ساتھ مل کر کام کرتے رہے۔

جام خان شورو اور نثار مورائی نے ذوالفقارمرزا کو چھوڑ کر حکومت میں اہم عہدے حاصل کیے جبکہ جام خان شورو نے نثار مورائی کو فشریز کا کرتا دھرتا بنادیا۔ کروڑوں کی مبینہ کرپشن کے متعلق رینجرز اور دیگر اداروں نے اصل کردار کو چھوڑ کر صرف نثار مورائی پر ہاتھ ڈالا تاہم جام خان شورو کو ایک بار قانون نافذ کرنےو الے اداروں نے طلب کیا تھا۔

Comments are closed.

Scroll To Top