تازہ ترین
شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ کا تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم

شاہ زیب قتل کیس: سپریم کورٹ کا تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم

کراچی:(13 جنوری 2018) سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں دائر اپیلوں کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شاہ زیب قتل کیس پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سول سوسائٹی کی اپیل سنی جو سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت سراج تالپور، سجاد تالپور اور مرتضیٰ لاشاری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے کیس سے متعلق فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔اس سلسلے میں جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزارت داخلہ کو تمام ایئرپورٹس کو ہدایت نامہ بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کےقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کئے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شاہ زیب قتل کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دینے اور کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کیے جانے کے بعد سیشن کورٹ نے شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔کراچی کی سول سوسائٹی نے کیس میں سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے فیصلے اور اس کے نتیجے میں ملزمان کی رہائی کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیلنج کیا تھا۔

یاد رہے کہ شاہ زیب کو دسمبر 2012 میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

شاہ زیب قتل کیس: فریقین کے درمیان صلح نامے کی تفصیلات طلب

شاہ زیب قتل کیس : شاہ رخ جتوئی کی سزا ئے موت کالعدم قرار

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top