تازہ ترین
شریف خاندان کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے آخری توسیع

شریف خاندان کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے آخری توسیع

اسلام آباد:(12اکتوبر، 2018)سپریم کورٹ نے نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس نمٹانے کیلئے سترہ نومبر تک کی مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اس کے بعد کوئی توسیع نہیں دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنیچ نے شریف خاندان کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے مزید وقت دینے کی درخواست پر سماعت کی۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ واجد ضیا نے فلیگ شپ میں بیان ریکارڈ کرانا ہے، مزید چھ ہفتوں کا وقت دے دیں، جس پر اعتراض کرتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ العزیزیہ میں خواجہ حارث نے چھ ہفتے میں ایک گواہ پر جرح کی ہے، عدالت صرف پانچ ہفتے کا وقت دے۔خواجہ حارث سے مکالمے کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیشہ آپ کی بات مانی ہے، آپ تاثر دیتے ہیں کہ آپ کی بات نہیں مانی جاتی، میں زیادہ سے زیادہ چار ہفتے دے سکتا ہوں، ان کیسوں کو مکمل کریں، چاہیے دن رات کام کرنا پڑے کام کریں، مزید ایک دن کی بھی توسیع نہیں ہوگی۔

اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس نے دو بھائیوں میں تلخی پیدا کردی، آپ جانتے ہیں وہ دو بھائی کون ہیں، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کے خلاف ٹرائل مکمل کرنے کے لئے احتساب عدالت کو چھٹی بار توسیع دیتے 17 نومبر تک ٹرائل مکمل کرنے اور ہر ہفتے پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔اس سے قبل آٹھ اکتوبر کو احتساب عدالت نے نواز شریف کے ٹرائل میں توسیع کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا،جس میں نواز شریف کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے مزید مہلت مانگی گئی تھی۔

واضح رہے کہ نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی سپریم کورٹ کی پانچویں ڈیڈ لائن ختم ہوچکی ہے۔ سپریم کورٹ نے 26 اگست کو نواز شریف کے خلاف دونوں ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے 6 ہفتوں کا وقت دیا تھا جو کل ختم ہو چکا ہے۔سپریم کورٹ نواز شریف اور ان کے بچوں کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن میں چار بار توسیع کر چکی ہے۔عدالت عظمیٰ نے ابتدائی طور پر ریفرنسز پر فیصلے کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا لیکن ٹرائل مکمل نہ ہونے پر پہلے تین ماہ پھر ایک ماہ اور دو مرتبہ چھ، چھ ہفتوں کا وقت دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی نیب آفس میں شہباز شریف سے ملاقات

 

Comments are closed.

Scroll To Top