تازہ ترین
محمود خان کے پی کے وزیراعلیٰ منتخب

محمود خان کے پی کے وزیراعلیٰ منتخب

پشاور:( 16اگست 2018) پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے مسلسل دوسری بار وزارت عظمیٰ کا میدان مارلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے محمود خان 77 ووٹ حاصل کر کے نئے وزیر اعلی کے پی کے منتخب ہوگئے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں نثار گل نے33ووٹ حاصل کیے۔

ویڈیودیکھنے کےلیے پلے کابٹن دبائیں

وزیراعلیٰ کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے ہوا،حکومتی ارکان اسمبلی کی لابی نمبر دو میں جمع ہوئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کے لئے ارکان لابی نمبر ایک میں جمع ہوئے، اس کے بعد اسمبلی کے دروازے بند کردئیے گئے۔

اسمبلی میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوئی جب پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے رکن امجد آفریدی حکومتی ارکان کی ہدایات کو نظر اندازکرتے ہوئے اپوزیشن لابی میں چلے گئے، اس موقع پر میاں نثار گل اور حکومتی ارکان اپنی جانب کھینچتےرہے، شاہ فرمان نے بھی امجد آفریدی کو حکومتی لابی میں لانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔

واضح رہے کہ امجد آفریدی پچھلے حکومت میں پی ٹی آئی کا حصہ تھے، مگر پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے آذاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے۔واضح رہے کہ محمود خان کا تعلق سوات کے علاقے مٹہ سے ہیں اور وہ پہلی مرتبہ دوہزار تیرہ میں سوات سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے اور بعد میں صوبائی کابینہ میں وزیر کھیل و ثقافت اور آبپاشی کے عہدے پر فائض رہے۔

حالیہ انتخابات میں سوات کے حلقہ پی کے نو سے صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے، نرم لہجے کے حامل پی ٹی آئی رہنما کے الیکشن سے پہلے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے،اس سے قبل وہ کچھ عرصے کے لیے پیپلزپارٹی کا حصہ بھی رہے اور اس دوران وہ مٹہ کے علاقے سے یونین کونسل کے ناظم بھی منتخب ہوئے تھے۔محمود خان نے اپنی ابتدائی تعلیم سوات اور پشاور کے تعلیمی اداروں سے حاصل کی اور بعد میں زرعی یونیورسٹی پشاور سے ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی

گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپنے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر لانے میں کامیاب ہوئی،خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کیلئے خفیہ رائے شماری کی گئی، ایک سو بارہ ارکان اسمبلی میں سے ایک سو نو ارکان نے اپنے ووٹ کاسٹ کئے، جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی 81 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ متحدہ اپوزیشن کے لائق محمد نے 27 حاصل کئے۔

ویڈیودیکھنے کےلیے پلے کابٹن دبائیں

 بعد ازاں مشتاق غنی نے بطور اسپیکر اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھایا،دوسری جانب تحریک انصاف کے محمود جان نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں متحدہ اپوزیشن کے جمشید مہمند کو شکست سے دوچار کیا۔

تحریک انصاف کے محمود جان نے 78 ووٹ حاصل کئے جبکہ مدمقابل امیدوارجمشید مہمند کو صرف 30 ووٹ ملے، بعد ازاں اسپیکر خیبر پختونخوااسمبلی مشتاق غنی نے محمود جان سے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کا حلف لیا، حلف مکمل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 نشستیں خالی کردی گئی ہیں جس میں سے 6 نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جب کہ تین حلقوں پر ابھی انتخابات ہونے ہیں، پی ٹی آئی کی 2 خواتین کی مخصوص نشستیں بھی خالی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کے سیاسی پس منظر پر ایک نظر

دھاندلی کے خلاف ہرفورم پر آواز اٹھائیں گے، حمزہ شہباز

 

Spread the love

Comments are closed.

Scroll To Top