تازہ ترین
سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کی تمام تیاریاں مکمل

سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کی تمام تیاریاں مکمل

اسلام آباد:(13 فروری 2019) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،سعودی ولی عہد کوپاکستان پہنچنے پر پاک فضائیہ کا شیر دل اسکواڈرن سلامی دے گا جبکہ جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارے فلائی پاسٹ پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کے قیام وطعام کا مکمل بندوبست وزیر اعظم ہاؤس میں کیا جا رہا ہے،کھانے پینے کی اشیاء بھی سعودی عرب سے ہی لائی جا رہی ہیں،شاہی دورے کے لیے اسلام آباد کے ہوٹلز میں کمروں کی بکنگ کردی گئی ہے جن کی تعدادساڑھے پانچ سوبتائی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی دورے کے لیے حکومت پاکستان نے تین سوپراڈو گاڑیوں کی بکنگ کرالی ہے جبکہ ولی عہد کے استعمال کے لیے تقریباًسات لگژری گاڑیاں سعودی عرب سے لائی جائیں گی۔

ذرائع کے یہ بھی کہنا ہے کہ ولی عہد کو پاکستان پہنچنے پر پاک فضائیہ کا شیر دل اسکواڈرن سلامی دے گا اور جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارے فلائی پاسٹ پیش کریں گے جبکہ وزیر اعظم ہاوس میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی، اس موقع پر وزیراعظم سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ جبکہ صدر مملکت عارف علوی ایوان صدر میں عشائیہ دیں گے۔

اس کے علاوہ ایوان صدر میں کلچرل پرفارمنس بھی ہوں گی۔ولی عہد کے دورے میں پندرہ سے بیس ارب ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سیکیورٹی کیلئے پولیس رینجرز اور انسداد دہشتگردی فورس کے دستے تعینات کئے جائیں گے، جس کے لئے انٹیلی جنس ادارے سعودی ولی عہد کی آمد سے متعلق اپنی رپورٹس ارسال کرچکے ہیں، اس کے علاوہ سعودی ولی عہد کے ساتھ آنیوالے مہمانوں کی قیام گاہوں کی سیکیورٹی بھی انتہائی سخت ہوگی۔ولی عہد کی آمد سے دو روز قبل سیکیورٹی ریہرسل بھی کی جائےگی۔

Comments are closed.

Scroll To Top