تازہ ترین
مسلم لیگ (ن) آج فیصل آباد میں کارکنان کا لہو گرمائیں گی

مسلم لیگ (ن) آج فیصل آباد میں کارکنان کا لہو گرمائیں گی

فیصل آباد: (20 جولائی 2018) پاکستان مسلم لیگ (ن) آج فیصل آباد میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خطاب کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق جلسہ الفتح اسپورٹس کمپلیکس میں ہوگا، جلسے کے لئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کارکنان سے خطاب کرینگے۔

عوام نے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا بنادوں گا، شہباز شریف

گذشتہ روز پنڈی گیپ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پچیس جولائی شیر کا دن ہے، اٹک کے ساتھ پشاور ہے لیکن بہتان خان نے پشاور کا جو بیڑہ غرق کیا ہے اس کو جاکر دیکھ لیا جائے،انہوں نے کہا کہ نوازشریف اڈیالہ جیل میں اپنی بیٹی کے ساتھ قید ہیں۔ وہ اپنی شدید بیمار اہلیہ کو لندن میں چھوڑ کر عوام کیلئے آئے ہیں۔ اٹک کے غیور عوام کی تاریخی روایات ہیں لیکن مجھے بتاﺅ کہ کبھی یہ کم ہی دیکھا ہوگا کہ ایک بیٹی کے سامنے اس کے باپ کو گرفتار کیا جائے اور ایک باپ کے سامنے اس کی بیٹی کو گرفتار کیا جائے۔شہازشریف نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ بجلی آتی ہی نہیں تھی اور زراعت تباہ ہو چکی تھی لیکن آج بجلی آچکی اور زراعت بھی عروج پر ہے، اس کا سہرا نوازشریف کوجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری موجودگی میں بل کلنٹن نے نوازشریف کو فون کیا اور کہا کہ تم میرے دوست ہو، اگر تم بم دھماکے نہ کرو تو میں تمہیں 5 ارب دیتا ہوں۔ دھمکیاں دیں لیکن نوازشریف نے کہا کہ میں نے اللہ کو اور اپنی عوام کو جواب دینا ہے۔ میں بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کروں گا جو انہوں نے کرکے دکھائے۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سی پیک مکمل ہونے سے اس علاقے میں خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔ جب ہماری حکومت تھی اس وقت ڈالر سو روپے کا تھا لیکن اب 130 روپے کا ہوگیا ہے، اس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا اور ہر چیز مہنگی ہو جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے عوام کو مفت طبی سہولیات دیں۔ بجلی نوازشریف نے سستی کی، کسانوں کو بلاسود قرضے دیئے۔ کیا یہ جرم ہے جو نوازشریف نے ملک کی خدمت کی؟انہوں نے کہا کہ جھوٹے خان نے کے پی کے کو تباہ کردیا۔ عوام مجھے بتائیں کہ کیا جو کچھ میں نے اور نوازشریف نے بنایا اس کو بچانا چاہتے ہیں یا تباہ کرنا چاہتے ہیں؟ آج کے پی کے بیمار لوگ علاج کیلئے پنجاب آتے ہیں۔ پشاور میں میٹر و کا منصوبہ 64 ارب تک پہنچ چکا ہے اور اس کا انکشا ف پشاور ہائیکورٹ نے کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور میں میٹر و کا منصوبہ 30 ارب میں بنا۔ جھوٹے خان کا دماغ خالی ہے، بالکل اس طرح جس طرح جلسوں میں اس کی کرسیاں خالی ہوتی ہیں۔ اگر عوام نے 25 جولائی کو شیر کو ووٹ دیا تو میں پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا بنا کر چھوڑوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل کی۔ نوازشریف نے پاکستان کو سی پیک کا تحفہ دیا جبکہ عمران خان پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان جنوبی پنجاب ،بلاول کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرینگے

فیصل آباد: پی ٹی آئی اور پی ایم ایل کے کارکنان کےدرمیان فائرنگ کا تبادلہ، 7 افراد زخمی

 

Comments are closed.

Scroll To Top