تازہ ترین
پنجاب میں بسنت منانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

پنجاب میں بسنت منانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور: (19 دسمبر 2018)پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت منانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے،گذشتہ روز پنجاب حکومت نے ثقافتی تہوار بسنت کو بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق درخواست صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ بسنت خونی کھیل کی شکل اختیار کر گیا تھا جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی تھی۔

یہ ویڈیو دیکھنے کیلئے پلے کا بٹن دبائیے

 درخواست گزار کا موقف تھا کہ حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے خونی کھیل کی اجازت دے رہی ہے، ڈور پھرنے کے واقعات سے بے شمار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، لہذا عدالت حکومت کی جانب سے بسنت کی اجازت دینے کا اقدام کالعدم قرار دے۔ادھر بسنت پر پابندی ختم کرنے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر قانون کو لیگل نوٹس جاری کر دیا گیا، قانونی نوٹس شہری میاں خلیل حنیف نے اپنے وکیل مدثر چوہدری کی وساطت سے ارسال کیا۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ حکومت پنجاب 15 دنوں میں اپنا بیان واپس لے ورنہ ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا، بسنت ایک خونی کھیل ہے جس پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے پابندی لگائی، خونی کھیل میں کئی معصوم جانیں ضائع ہونے کا خطرہ ہے۔

پنجاب حکومت کاثقافتی تہوار بسنت کو بحال کرنے کا اعلان

گذشتہ روز پنجاب حکومت نے ثقافتی تہوار بسنت کو بحال کرنے کا اعلان کیا تھا، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لاہور کی سول سوسائٹی سمیت ثقافتی حلقوں اور شہریوں کی طرف سے بسنت کا تہوار منانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا، لہٰذا فروری کے دوسرے ہفتے بسنت کا تہوار منایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کو احسن طریقے سے منانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو بسنت میں کیمیکل کی ڈور اور دیگر منفی چیزوں کے حوالے سے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ جبکہ کمیٹی بسنت کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔

واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں فروری کے مہینے بسنت کا تہوار منایا جاتا تھا تاہم اس دوران گلے پر ڈور پھرنے اور دیگر ناخوشگوار واقعات کے باعث صوبے میں کئی سال سے بسنت پر پابندی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

آصف زرداری اداروں کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، فیاض الحسن چوہان

مافیا الٹا بھی لٹک جائیں تو ہمیں مجبور نہیں کرسکتے، فیاض الحسن چوہان

Comments are closed.

Scroll To Top