تازہ ترین
چاہتے ہیں کہ ایسا درخت اپنے آنگن میں لگائے جو پڑوسی کو بھی سایہ دے، ڈاکٹر فیصل

چاہتے ہیں کہ ایسا درخت اپنے آنگن میں لگائے جو پڑوسی کو بھی سایہ دے، ڈاکٹر فیصل

اسلام آباد:(14 مارچ 2019) وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے چاہتے ہیں ایک شجر محبت کا ایسا لگایا جائے جس سے ہمسائے کو بھی سایہ ملے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں پاکستان کا اٹھارہ رکنی وفد واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہوگیا ہے، مذاکرات میں کرتارپور راہداری سے سکھوں کی آمدو رفت کے بارے میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

بھارت روانگی سے قبل واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کا مقصد سکھ برادری کو ان کی عبادت گاہ تک رسائی دینا ہے،تاکہ دنیا کو معلوم ہوسکے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا پاک بھارت کشیدگی میں کمی خطے کے امن کے لیے ضروری ہے، شجر ایسا اپنے آنگن میں لگایاجائے، جس کا ہمسائے کے آنگن میں سایہ جائے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا کرتار پور کو کھولنے کے حوالے سے ہے، وزیر اعظم اور آرمی چیف نے کرتار پور راہداری پر بات کی تھی ، آج اس بات کو حتمی شکل دینے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی آخری آرام گاہ تاریخی گردوارہ کرتار پور صاحب نارووال کی توسیع کا 40 فی صد کام مکمل کرلیا گیا ہے، توسیع کے بعد 3 لاکھ یاتری مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔

کرتار پور انتظامات پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور چیئرمین بورڈ طاہر احسان کے احکامات کے مطابق گر دوارہ کرتار پور صاحب کی چار دیواری، داخلی خارجی راستے تاریخی طرز کے عین مطابق تعمیر کیے جا رہے ہیں، گردوارہ کی پہلے سے موجود چار دیواری کے اطراف میں 3 سو فٹ توسیع کی جا رہی ہے۔ موجود ہ بلڈنگ میں 10 سے 15 ہزار سکھ یاتری، مذہبی رسومات ادا کر سکتے ہیں جبکہ ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد 3 لاکھ یاتریوں کی گنجائش ہوگی۔

توسیع کے دوران کسی بھی عمارت یا دیوار کو نہیں گرایا جائے گا۔ پاکستان سکھ گر دوارہ بندھک کمیٹی کے پر دھان سردار تارا سنگھ نے کہا ہے کہ کرتار پور سمیت ہمارے دیگر مذہبی مقامات کی تزئین و آ رائش اور سکیورٹی کے انتظامات پر بہت خوش ہیں۔

Comments are closed.

Scroll To Top