تازہ ترین
بھارتی جاسوس کے معاملے پر پوری تیاری کے ساتھ عالمی عدالت جائیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی جاسوس کے معاملے پر پوری تیاری کے ساتھ عالمی عدالت جائیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: (14 دسمبر 2017) پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں اپنا جواب عالمی عدالت میں جمع کرا دیا ہےاس مقدمےکے لئے پوری تیاری کے ساتھ عالمی عدالت جائیں گے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کے سر پر خطے کی چوہدراہٹ کا بھوت سوار ہے اور بھارتی عزائم خطے کے امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں، بھارت کی جانب سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا تجربہ خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ پیدا کردے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کے حوالے سے پاکستانی پیشکش کا جواب دے دیا ہے اور کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کو 25 دسمبر کو بھیجا جارہا ہے، ملاقات سے متعلق دیگر معاملات طے کئے جارہے ہیں۔ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امن کے لئے جتنی قربانیاں دی ہیں کسی نے نہیں دیں، ہمارے ہزاروں شہری اور فورسز کے جوان دہشت گردی کی جنگ میں شہید ہوچکے ہیں، دو روز قبل بھی شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے، ہم شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور حملے کی مذمت کرتے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے القدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دیا ہے اور امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسے اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے کیوں کہ امریکا کا یہ اقدام عالمی امن کے لئے خطرناک ہے، او آئی سی کی طرح باقی ممالک کو بھی چاہئے کہ وہ القدس کو فلسطین کا دارالحکومت تسلیم کریں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے رواں برس تیرہ سو سے زائد مرتبہ فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چون بے گناہ پاکستانی شہریوں کو شہید کیا جب کہ ایک سو بیاسی افراد زخمی بھی ہوئے، پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو متعدد بار ایل او سی پر فائربندی معاہدے کی خلاف ورزی پر طلب کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، گزشتہ ہفتے مزید چار کشمیریوں کو شہید کردیا گیا جب کہ سید علی گیلانی اور یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کو حراست میں رکھا گیا ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔سی پیک منصوبے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ چین نے اقتصادی راہداری کے کسی بھی پروجیکٹ کی فنڈنگ نہیں روکی اور نا ہی ایسی کوئی اطلاع ہمارے علم میں ہے، فنڈز کا اجرا مخصوص طریقہ کار کے ذریعے ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی کی خلاف ورزی پر احتجاج

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

 

Comments are closed.

Scroll To Top