تازہ ترین
پاکستان نیوی درپیش چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے، وائس چیف آف نیول اسٹاف

پاکستان نیوی درپیش چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے، وائس چیف آف نیول اسٹاف

راولپنڈی(12جنوری، 2018)وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ سی پیک اور گوادر پورٹ کی فعالی کے تناظر میں درپیش چیلنجزسے عہدہ برآ ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

پاک بحریہ کےترجمان کے مطابق پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ کی تقریب آج پی این ایس قاسم منوڑہ میں منعقد ہوئی۔وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کو سیکیورٹی کی انتہائی مشکل اندرونی و بیرونی صورتحال میں سر کریک سے لے کر جیوانی تک ساحلی علاقوں کے تحفظ کی اہم ترین ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

 سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے مکمل طور پر آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں میں قوم کی مشترکہ اور انتھک کوششوں کے سبب پاکستان نے دہشت گردی کے ناسور پر نمایاں حد تک قابو پالیا ہے تاہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جہد مسلسل کی ضرورت ہے ۔ ان کاکہناتھا کہ پاک بحریہ مادر وطن کے تمام اندرونی و بیرونی خطرات کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر کوسٹ گارڈ ریئرایڈمرل معظم الیاس نےگذشتہ سال کے دوران کوسٹل کمانڈ کی آپریشنل کامیابیوں اور سرگرمیوں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔

انہوں نے بتایا آپریشنل سرگرمیوں کے علاوہ کوسٹل کمانڈ نے کئی اہم بحری مشقوں میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیا ہے جن میں امن 2017، برق ہفتم، تحفظ ساحل، بین الاقوامی اسپیشل فورسز کے ساتھ مشترکہ مشق دفاع ساحل اور ائر ڈیفنس گنز فائرنگ شامل ہیں۔

بعد ازاں  مہمان خصوصی نے سال 2017کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس میں ایفشنسی شیلڈز تقسیم کیں۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران، سی پی اوز اور سیلروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

واضح رہے پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے اور اس کا مقصد آپریشنل سال کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہنا اور سال بھر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی یونٹس کو ایفیشینسی تمغات سےنوازنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان نیوی نےکثیرالقومی ٹاسک فورس 150کی کمانڈ سنبھال لی

پاکستان نیوی کا بحری جہاز پی این ایس اصلت خیرسگالی دورہ پر بحرین پہنچ گیا

Comments are closed.

Scroll To Top