تازہ ترین
عالمی بینک کے زیر نگرانی ہونے والے پاک بھارت آبی مذاکرات ناکام

عالمی بینک کے زیر نگرانی ہونے والے پاک بھارت آبی مذاکرات ناکام

واشنگٹن: (16 ستمبر 2017)واشنگٹن میں عالمی بینک کے ہیڈکوارٹرز میں پاک بھارت آبی سیکریٹری سطح کے مذاکرات ناکام ہوگئے،جس کے بعد پاکستان نےمعاہدےکےتحت عالمی بینک سےثالثی کورٹ پینل کے قیام کامطالبہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کے ہیڈ کوارٹرز میں پاک بھارت آبی سیکریٹری سطح کے مذاکرات ناکام ہو گئے۔ مذاکرات میں بھارت کشن گنگا، رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پلانٹ کی تعمیر پر پاکستان کے تحفظات دور نہ کر سکا۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت آبی سیکریٹری خارجہ مسئلہ حل کرنے کے لیے فورم کے چناؤ پر بھی اتفاق نہ کر سکے۔ بھارت ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا اور آبی تنازع حل کرنے کے لیے پیش کردہ ایک بھی آپشن پر بھی اتفاق نہ کیا۔

ورلڈ بینک ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے ان مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری واٹرریسورس ڈویژن عارف احمد نے کی، وفد میں سیکرٹری پاور یوسف نسیم کھوکھر، انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ، جوائنٹ سیکرٹری واٹر سید مہر علی شاہ شامل تھے۔

اس سے پہلے دونوں ملکوں کے درمیان دو روزہ مذاکرات یکم اگست کو ہوئے تھے، جس میں یہ طے پایا تھا کہ بعض امور پر دونوں ممالک کے وفود اپنے اپنے ممالک میں حکومتوں پر مزید مشاورت کے بعد مذاکرات کے اگلے دور میں شریک ہوں گے۔

اس مذاکرات میں بھارتی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا اورپاکستانی وفد کی سربراہی انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ نے کی تھی، ان مذاکرات میں پاکستان نے بھارت کے ایک سو بیس میگاواٹ کے میار، اڑتالیس میگاواٹ کے لوئرکلنائی اور ایک ہزار میگاواٹ کے پکال گل منصوبے پر اعتراضات عائد کئے تھے،یہ تمام منصوبے پاکستان آنے والے دریائے چناب پر بنائے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ مئی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا رخ موڑنے کا اعلان کیا تھا،اس سے قبل بھارت نے انیس سو اٹہتر میں دریائے چناب پر سلال ڈیم بنانے کی کوشش سے لیکرمقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر ڈیم کی تشکیل کا منصوبہ بنایا تھا۔

اس سے قبل انیس سو چوراسی میں بھی بھارت کی جانب سے وولر بیراج کی تعمیر، تربھل نیوی گیشن کے متنازعہ منصوبہ اور دریائے جہلم پر کشن گنگا ڈیم جبکہ دوہزار آٹھ میں چناب کے بہاؤ کو کم کرکے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کرنے کی مزموم کوشش کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھئے

آبی تنازعات: پاک بھارت مذاکرات آج واشنگٹن میں شروع ہونگے

بھارت کی آبی جارحیت، دریائے چناب کا رخ موڑنے کی سازش

 

 

Comments are closed.

Scroll To Top