تازہ ترین
نواز شریف کی سزا معطلی کی دونوں درخواستوں کی سماعت کل ہو گی

نواز شریف کی سزا معطلی کی دونوں درخواستوں کی سماعت کل ہو گی

اسلام آباد: (11 فروری 2019) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت کی پہلی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست کی سماعت۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ نوازشریف کی سزا معطلی کی دونوں درخواستوں کی سماعت کل ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نواز شریف کی العزیزیہ اسٹیل ریفرنس میں سزا معطلی کے لئے دائر پہلی درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست کی سماعت کی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سزا معطلی کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے کہا کہ درخواست واپس لینا درخواست گزار کا استحقاق ہے۔ تاہم عدالت نے نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث سے کہا کہ درخواست واپس لینے کی کیا پیچیدگیاں ہوں گی، ان کو دیکھ لیجئے گا۔نواز شریف کی سزا معطلی کی دونوں درخواستوں کی سماعت کل کی جائے گی۔

نواز شریف کی سزامعطلی کی پہلی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کا فیصلہ غلط فہمی اور قانون کی غلط تشریح پر مبنی ہے، دستیاب شواہد کو درست انداز میں نہیں پڑھا گیا، ملزم کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کو احتساب عدالت نے سنے بغیر فیصلہ سنایا۔

طبی بنیادوں پرضمانت رہائی کے لئے26 جنوری کو ان کے وکلا کی جانب سے دائر کی گئی ایک درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت غیر تسلی بخش ہے انہیں عارضہ قلب اور گردوں کا مرض لاحق ہے، لہذا ان کی درخواست ضمانت پر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسوں کی اپیلوں سے پہلے فیصلہ سُنایا جائے اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطل کرکے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کیا جائے۔

Comments are closed.

Scroll To Top